ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کے دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے: آر اشوک

کانگریس کے دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے: آر اشوک

Sun, 06 May 2018 11:19:21    S.O. News Service

بنگلورو،5؍ مئی(ایس او نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے لیڈر وسابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک نے ریاستی حکمران کانگریس پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کی گزشتہ 5؍ سال کی میعاد کے دوران سب سے زیادہ فرقہ وارانہ فسادات اور زیادہ کسانوں کے خودکشی کے واقعات ریاست میں پیش آئے ہیں۔

پریس کلب آف بنگلور رپورٹرز گلڈز کے اشتراک سے شہر کے پریس کلب میں ’’پریس سے ملئے‘‘ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے آر اشوک نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار کے دوران گزشتہ 5؍ برسوں میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوپایا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ بنگلور میٹرو اور شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے لئے ہر طرح کی سہولتیں بی جے پی حکومت نے کی ہیں۔ اس کے علاوہ سب اربن ریلوے پراجکٹ کے لئے 17؍ ہزار کروڑ روپئے مرکز کی نریندرمودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے جاری کئے ہیں۔

آر اشوک نے بتایا کہ ریاست میں جاری انابھاگیہ اسکیم کے لئے مرکزی حکومت 28؍ روپئے جاری کررہی ہے جبکہ ریاستی حکومت صرف 3؍ روپئے ہی جاری کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رسوئی گیس کنکشن ، یل سی ڈی بلپ اور 108؍ ایمبولنس سمیت دیگر سہولتیں مرکزی حکومت نے جاری کی ہیں لیکن اس کافائدہ ریاستی حکومت اٹھاتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ آر اشوک نے کہا کہ اس مرتبہ ریاست میں بی جے پی برسراقتدار ضرور آئے گی ۔ اگر ریاست کی مجموعی ترقی ہونی ہے توبی جے پی کا اقتدار پر آنا ضروری ہے۔ بی جے پی اقتدار پر آئے تو ریاست میں ترقیاتی کاموں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت قائم ہے۔ اگر ریاست میں بھی بی جے پی حکومت اقتدار پرآئی تو افزود فنڈ ریاست کے لئے لایا جاسکتا ہے۔جس سے ریاست میں ترقیاتی کاموں کو انجام دینے میں کافی سہولتیں مہیاہوں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ اس مرتبہ بھی وہ اپنے پدمانا بھ نگر اسمبلی حلقہ سے بڑی اکثریت کے ساتھ جیت درج کریں گے۔

آر اشوک نے وزیراعلیٰ سدارامیا کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح جنتادل (سکیولر) کو ختم کیا تھا ۔ اس طرح اب ریاستی انتخابات کے بعد کانگریس کو بھی ریاست میں ختم کرکے اپنے گھر واپس لوٹ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سدارامیا نے ذات پات کا بیج بوتے ہوئے تفرقہ ڈالنے کی جو کوشش کی ہے یہی انکی شکست کا سبب بن سکتی ہے۔ ریاستی اسمبلی انتخابات کے نتائج کانگریس کے لئے زوال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ریاستی عوام کو کچھ نہیں کر پائی ہے۔ کانگریس کے لئے الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ 


Share: